پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے 28سال مکمل ہوگئے،28 مئی 1998 پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب پاکستان نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ذوالفقاربھٹو، نوازشریف، ڈاکٹر عبدالقدیر اور ثمر مبارک مند کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے قوم کے نام پیغام میں کہا اگر ایٹمی قوت نہ بنتے تو دشمن ہر حد پار کرسکتا تھا، ایٹمی حصار اور مسلح افواج دشمن کے راستے کی رکاوٹ ہیں۔
وزیراعظم نےکہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ سازش کا ڈرامہ رچایا، قوم اور افواج نے یکجا ہوکر بھارتی عزائم ناکام بنائے، بنیان مرصوص فیلڈ مارشل عاصم منیرکی قیادت پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے،
وزیراعظم نے مزید کہا افغان رجیم دشمن عزائم میں سہولتکار بنی ہوئی ہے، شکست کے بعد دشمن فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان جیسی پراکسیز کی پشت پناہی کررہا ہے، اس ملک کا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے، آپریشن غضب للحق کے ذریعے تمام فتنوں کا خاتمہ کریں گے۔
وزیراعظم نے واضح کیاکہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہماری بہادر مسلح افواج جدید ترین ہتھیاروں سے لیس مادرِ وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔
یومِ تکبیر کی 28 ویں سالگرہ پر مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو مبارکباد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیرچیف اور نیول چیف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یومِ تکبیر تاریخی کارنامے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق اس دن پاکستان نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا، یہ عظیم سنگِ میل قومی اتحاد، استقامت اور ملکی خود مختاری کی علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دن علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی دفاعی و اسٹریٹجک صلاحیت مقدس قومی امانت ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ تاریخی کامیابی مدبر قیادت، سائنسدانوں،انجینئرز کی غیرمعمولی خدمات کی بدولت ہے اور یہ کامیابی پاک افواج اور پاکستانی قوم کی قربانیوں کا ثمر ہے، یہ خطے میں امن، استحکام، علاقائی سالمیت اور مؤثر دفاعی صلاحیت کی ضامن ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق اس عظیم موقع پر اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود پوری قوم اتحاد، بیداری، مضبوط و خوشحال پاکستان کیلئے اپنی وابستگی کی تجدید کرتی ہے۔


























Leave a Reply