پاکستان فٹبال فینز کا طویل انتظار ختم ہوا، پاکستان ٹیم نے بالآخر 961 دن بعد فٹبال کے میدان میں کامیابی حاصل کرلی۔
مالدیپ میں جاری ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے میزبان ملک کو 0-3 سے شکست دی، پاکستان کے جانب سے عمر نواز، عبدالصمد ارشد اور ہارون حامد نے گول اسکور کیے ۔
مالے میں جاری ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش سے مقابلہ برابر کرنے کے بعد پاکستان ٹیم پر مالدیپ کے خلاف میچ ہر حال میں جیتنے کا دباو تھا۔
پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور جب ریفری نے وقفے کی سیٹی بجائی تو مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم دوسرے ہاف میں پاکستان ٹیم نے پھرتی کا مظاہرہ کیا۔ 54 ویں منٹ میں پاکستان کے نوجوان عمر نواز نے گول کرکے ٹیم کو ایک ۔ صفر کی برتری دلادی۔ یہ عمر نواز کا پاکستان کے جانب سے دوسرا میچ تھا اور وہ پہلی مرتبہ اسٹارٹنگ الیون کا حصہ بنے تھے ۔
یاد رہے کہ عمر نواز کے بھائی حارث نواز 2014 کے سانحہ اے پی ایس میں شہید ہوئے تھے جبکہ دوسرے بھائی احمد نواز اس واقعے میں شدید زخمی ہوئے تھے ۔ جس کے بعد 2015 میں عمر نواز فیملی کے ساتھ برطانیہ منقل ہوئے تھے اور وہیں اپنے فٹبال کا سفر شروع کیا۔
84 ویں منٹ میں عبدالصمد نے گول کرکے مقابلہ 0-2 کیا اور 3 منٹ بعد ہارون حامد نے ایک اور گول کرکے مقابلہ 0-3 کردیا اور اس ہی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔
یہ مالدیپ کے خلاف پاکستان کی 1991 کے بعد پہلی انٹرنیشنل فٹبال کامیابی ہے ۔ ساتھ ساتھ پاکستان فٹبال ٹیم نے بھی فتحوحات سے محرومی کا موجودہ سلسلہ 961 دن کے انتظار کے بعد ختم کیا۔
پاکستان ٹیم نے اس سے قبل آخری میچ 17 اکتوبر 2023 کو کمبوڈیا کے خلاف جیتا تھا۔ پاکستان ٹورنامنٹ کا آخری پول میچ 7 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا اور ٹاپ ٹو میں جگہ برقرار رکھنے کی صورت میں پاکستان ٹیم 10 جون کو فائنل کھیلے گی۔


























Leave a Reply