کوئٹہ : چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ اور مربوط کوششیں امن و استحکام کے لیے ضروری ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستحکم اور محفوظ ماحول ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مواقع کے فروغ میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور افسران و جوانوں کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی عظیم قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
