ویمنز ایشیا کپ میں بھارتی ویمنز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 56 رنز کا ہدف بھارت نے 8.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ہے۔
شفالی ورما 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، سمرتی مندھانا بھی 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں، پراتیکا راول کو 4 رنز پر فاطمہ ثنا نے آؤٹ کیا۔
کپتان ہرمن پریت کور 18 اور دپتی شرما 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان ویمن ٹیم ٹی 20 انٹرنیشنل میں اپنے کم ترین ٹوٹل 55 رنز پر ڈھیر ہوئی اور بھارت کو جیت کے لیے 56 رنز کا ہدف دیا تھا۔
شوال ذوالقار 14 اور منیبہ علی 13 رنز بناسکیں، کپتان فاطمہ ثنا سمیت پاکستان کی 4 بیٹر صفر پر آؤٹ ہوئیں۔
پاکستان کی 9 بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکیں۔
بھارت ویمنز کی جانب سے شری چرنی اور پریما راوت نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ بھارت کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، ہمارے پاس اچھی بولنگ لائن اپ ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے میچ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو شکست دی تھی۔
پاکستان ویمنز کی جانب سے دیے گئے 120 رنز کے تعاقب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 84 رنز تک محدود رہی، چانیڈا 25 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
سعدیہ اقبال نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، طوبیٰ حسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قومی ٹیم نے پہلے کھیل کر 9 وکٹوں پر 119 رنز بنائے اور تھائی لینڈ کو 120 رنز کا ہدف دیا تھا، منیبہ علی نے شاندار نصف سنچری اسکور کی تھی۔
پاکستان ویمنز ٹیم میں منیبہ علی، شوال ذوالفقار، گل فیروزہ، عائشہ ظفر، صدف شمس، فاطمہ ثنا، ایمان فاطمہ، طوبیٰ حسن، نشرح سندھو، سعدیہ اقبال، ام ہانی بھی شامل ہیں۔
