Preloader

کراچی : شہر قائد میں غیر قانونی طور پر حب سے لائے جانے والے افغان باشندوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف سندھ حکومت نے گھیرا تنگ کردیا۔

سندھ حکومت نے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرتے ہوئے کراچی میں آنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ترجمان سندھ حکومت نادر گبول نے کہا کہ کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں اور انہیں سہولت فراہم کرنے والے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی افراد کو شہر تک پہنچنے سے روکنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان مربوط کارروائیاں جاری ہیں۔

نادر گبول نے کراچی میں حب سے افغان باشندوں کی منتقلی اور غیرقانونی رہائش سے متعلق حالیہ کارروائی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے غیر قانونی تارکین وطن اور ان کے لیے کام کرنے والے مافیاز و نیٹ ورکس کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔

نادر گبول نے کہا کہ مسئلہ صرف غیر قانونی افغان باشندوں تک محدود نہیں بلکہ انہیں کراچی میں رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق افغانستان سے غیر قانونی طور پر آنے والے افراد مختلف دشوار گزار اور دور دراز راستوں سے بلوچستان پہنچتے ہیں، جہاں سے بعض افراد گاڑیوں، دیگر ذرائع نقل و حمل یا مقامی ایجنٹوں کی مدد سے کراچی تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان رینجرز (سندھ) اور ضلع ویسٹ پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر سرجانی ٹاؤن میں بین الصوبائی انسانی اسمگلروں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا ہے، جس میں 5 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالعزیز بروہی، محمد بخش دشتی، علی حسن بروہی، ندیم بروہی اور جمیل بروہی کے نام سے ہوئی جو غیر قانونی افغانی باشندوں یار محمد اور رسول خان کو کراچی منتقل کر رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ و منشیات کے علاوہ غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی سوزکی لوڈر گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے، ملزمان غیر قانونی اسمگلنگ کے ساتھ ساتھ اسلحہ و منشیات کے کاروبار میں بھی ملوث ہیں۔

حب سے کراچی فی افغان فیملی منتقلی کے عوض 2 لاکھ وصولی، ایک ماہ میں ڈھائی سو افراد کی منتقلی کا انکشاف

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *