فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے تصدیق کی ہے کہ اس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ عزالدین الحداد اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے۔
حماس کے مطابق عزالدین الحداد جمعہ کی شام غزہ میں ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔ اس حملے میں عز الدین الحداد کی اہلیہ، بیٹی اور دیگر فلسطینی شہری بھی شہید ہوئے۔
حماس نے کہا کہ یہ حملہ غزہ میں جاری جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور بے گناہ شہریوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا تسلسل ہے۔
حماس کے بیان میں کہا گیا کہ عزالدین الحداد، جنہیں ابو صہیب بھی کہا جاتا تھا، القسام بریگیڈز کے سربراہ تھے اور انہوں نے اپنی زندگی مزاحمت، جدوجہد اور فلسطینی عوام کے دفاع کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
حماس نے کہا کہ ان کی شہادت اور جنگ بندی کے بعد بھی جاری اسرائیلی کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرئیل نے غزہ میں ایک فضائی حملے میں عزالدین الحداد کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے فوج کو عزالدین الحداد کو ہدف بنانے کا حکم دیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ عزالدین الحداد ہزاروں اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کی ہلاکت، اغوا اور ان پر حملوں کے ذمہ دار تھے اور انہوں نے یرغمالیوں کو حراست میں رکھا اور اسرائیلی افواج کے خلاف کارروائیوں کی قیادت کی۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’یہ تمام دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ اسرائیل جلد یا بدیر تم تک پہنچے گا‘۔


























Leave a Reply