بھارتی ریاست مہاراشٹر ا میں ایک خاتون نے اپنے شوہر، بھائی اور اس کے دوست کی مدد سے اپنے عاشق کا قتل کر کے لاش کو ڈرم میں ڈال کر نالے میں پھینک دیا۔
یہ واقعہ 3 اپریل کا ہے جب ارباز مقصود علی خان نامی شخص یہ کہہ کر گھر سے نکلا کہ وہ کام کے لیے دادر جا رہا ہے، لیکن وہ واپس نہیں لوٹ سکا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کئی گھنٹوں کی ناکام تلاشی کے بعد ارباز کے والد نے پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی، پولیس نے ارباز مقصود کے کال ریکارڈ اور لوکیشن ڈیٹا کا تجزیہ کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔
ارباز کا آخری معلوم مقام وسائی کے علاقے میں تھا، اس کی گرل فرینڈ ماہ جبین شیخ کی لوکیشن بھی وہیں سے ٹریس کی گئی، جس کے بعد پولیس نے خاتون کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔
ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (اے سی پی) نے کہا ابتدائی طور پر ماہ جبین نے تفصیلات بتانے سے انکار کیا لیکن سخت پوچھ گچھ پر اس نے اپنے شوہر، بھائی اور اس کے دوست کی مدد سے ارباز کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
ماہ جبین نے بتایا کہ اس کا مقصد اپنے عاشق سے پیسے نکلوانا تھا، لیکن جب وہ اس سے کچھ حاصل نہ کر سکے تو ماہ جبین اور اس کے ساتھیوں نے ارباز خان کے ہاتھ باندھ دیے، اسے پلاسٹک کے پائپ سے مارا اور پھر قتل کر دیا، اس کے بعد انہوں نے اس کی لاش کو سبز ڈرم میں بھرا اور ممبرا کے علاقے میں ایک نالے میں پھینک دیا۔


























Leave a Reply