کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی جس میں ایک شہری سے اس کے گھر پہنچتے ہی 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ ڈالر چھین لیے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق 3 فروری کو بہادرآباد کے علاقے فاران سوسائٹی کے رہائشی بینک کے لاکر سے 200 تولہ اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لے کر گھر پہنچے۔
اسی دوران گھر کا دروازہ کھلنے پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح افراد بھی گیراج میں داخل ہوئے اور شہری سے زیورات اور ڈالر چھین کر فرار ہوگئے۔ اس واردات کی مجموعی مالیت 13 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
شہری نے ملزمان کا کچھ فاصلے پر تعاقب کیا تاہم ملزمان ایک بڑے اسپیڈ بریکر پر تیز رفتاری کے باعث اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گرگئے جس سے زیورات زمین پر بکھرگئے۔
آس پاس بنگلوں کے سکیورٹی گارڈز اور چوکیدار وہاں موجود تھے جنہیں دیکھ کر ملزمان فوری فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور تمام زیورات کو تحویل میں لے لیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ 90 فیصد سونا ریکور کرلیا گیا، ملزمان کی تلاش جاری ہے۔


























Leave a Reply