کراچی (16 اگست 2026): گڈز ٹرانسپورٹرز نے گورنر سندھ نہال ہاشمی اور سندھ حکومت کے نمائندوں سے مذاکرات کے بعد ملک گیر ہڑتال 40 روز کیلیے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا۔
گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے سامنے ملک کا مفاد مقدم ہے، ہماری ہڑتال 9 دن سے ملک بھر میں جاری تھی، گڈز ٹرانسپورٹ نے ملک گیر پہیہ جام کر رکھی تھی، ہمارے وفاق اور صوبائی حکومتوں سے بہت شکایات تھی، وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے ہم سے رابطہ کیا اور بات کی، طے تھا کہ جب تک نوٹیفکیشن نہیں ہو جاتا ہم ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ہڑتال سے ملکی معیشت کو 50 ارب سے زائد کا نقصان
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ دسمبر میں بھی ہم سے وعدے اور یقین دہانیاں کی گئیں مگر پوری نہ ہوئیں، ٹول، وڈ ہولڈنگ ٹیکسز اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ہمیں نہیں سنا گیا، ہمیں ہڑتال پر جانے کا شوق نہیں مجبوری میں کرنا پڑی، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی پر وفاق نے ہم سے 15 دن کا وقت مانگا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ملک کے وسیع مفاد میں ہڑتال 40 روز کیلیے مؤخر کر رہے ہیں، 8 میں سے 6 مطالبات مان لیے گئے ہیں اور باقی دو پر کمیٹیاں بنا دی گئیں، ٹول ٹیکس کے حوالے پر علیم خان نے کمیٹی بنا دی ہے، یقین دہانی کروائی گئی ہے ان پر عمل نہ ہوا تو احتجاج ہمارا قانونی حق ہے، ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز احتجاج ختم کر کے کام شروع کریں۔
گورنر سندھ کا مؤقف
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اچھے اور نیک کام میں وقت لگتا ہے، ہماری سیر حاصل گفتگو کے دوران سعید غنی و دیگر بھی موجود تھے، فریقین نے ایک دوسرے کے نقطہ نظر سے اتفاق کیا، ہمارے لیے پاکستان مقدم ہے، گڈز ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات میں فریقین نے نکتہ نظر کو سمجھا، وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب کی فلائٹ تھی اس لیے وہ چلے گئے، دونوں فریق متفق تھے کہ وہ ملک کیلیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں،
نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کی بہتری کیلیے دن رات کام کر رہے ہیں، خطے میں امن کیلیے تاریخی دفاعی معاہدہ مکہ میں ہوا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی بہترین کردار ادا کیا، حکومت کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
