پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے پارٹی اعلامیہ کو پارٹی کے اندر ڈکٹیٹر شپ قرار دے دیا ۔
علی امین کا پارٹی کے پارلیمانی واٹس ایپ گروپ میں آڈیو میسج جیو نیوز کو موصول ہوگیا جس میں علی امین کہہ رہے ہیں کہ ماضی میں ان کے دور میں بھی پارٹی کے صوبائی صدور نے ان کی حکومت کے خلاف باتیں کیں۔
آڈیو میسج میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پارٹی سے اختلاف رکھنے والے ارکان کو اعلامیے کے ذریعے دھمکیاں نہ دی جائیں، ماضي میں ایسی باتوں پر کبھی اعلامیے جاری نہيں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ وہ مفت مشورہ دے رہے ہیں کہ ناراض ارکان کے تحفظات دور کیے جائيں ، ڈکٹیٹر شپ والا رویہ معاملات مزید خراب کرے گا۔
دوسری جانب مشتاق غنی کا بھی کہنا ہے کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہيں کی صرف یہ جرم کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا نام لیا۔ ادریس خٹک نے کہا کہ نوٹی فکیشن سے نظر آ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے آواز اٹھانا جرم ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے ناراض ارکان کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل روکنےکا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔






















Leave a Reply