(6 ستمبر 2026): فلمساز سنجے گپتا نے بولی وڈ اداکار سُپر اسٹار شاہ رخ خان کو انڈر ورلڈ کی جانب سے ملنے والی دھمکی اور اس پر ان کے ڈٹ جانے سے متعلق حیران کن انکشاف کر دیا۔
شاہ رخ خان 90 کی دہائی میں اُس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچے جب بولی وڈ پر انڈر ورلڈ کا سایا اور خوف طاری تھا۔ فلمی ستاروں سے لے کر ہدایت کاروں تک ہر کوئی ان کے نشانے پر تھا، اس بات کا انکشاف فلمساز سنجے گپتا نے ایک انٹرویو میں کیا۔
سنجے گپتا نے بتایا کہ میں نے بمبئی میں انڈر ورلڈ کو عروج پر دیکھا ہے، ایک پنجابی اداکار تھا جو فلم سٹی میں مردہ پایا گیا تھا اور بعد میں انکشاف ہوا کہ وہ مخبر تھا، اسی طرح منیشا کے سیکریٹری بہت سیدھے سادھے انسان تھے اور پھر ایک دن کوئی ان کے دفتر میں گھسا اور انہیں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی مشہور فلم ’سوادیس‘ سے متعلق حیرت انگیز انکشاف
فلمساز کے مطابق تقریباً ہر بڑے اداکار اور اداکارہ سے زبردستی ان فلموں کے کاغذات پر دستخط کروائے جاتے جو بعد میں بننی تھیں، انڈر ورلڈ کے لوگ سیٹ پر آتے اور شوٹنگ بھی دیکھتے تھے۔
’فلم انڈسٹری میں صرف ایک ہی شخص شاہ رخ خان وہ تھے جنہیں جب دھمکی دی گئی تو انہوں نے کہا ’میں کبھی فلم یا شو نہیں کروں گا، میں ایک پٹھان ہوں، اگر تم چاہتے ہو تو مجھے گولی مار دو میں تم سے نہیں ڈرتا، لیکن میں تمہارے ساتھ کام نہیں کروں گا اور نہ ہی تمہارے شوز کروں گا‘۔
