سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 17 مئی سے شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں کلیئرنس و سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا،ہلاک خوارج علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا کہ خوارج نے مقامی آبادی کو دھمکیوں اور جبر کے ذریعے اپنے زیراثر رکھا، خوارج نے محفوظ نقل وحرکت کیلئے مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طورپراستعمال کیا، معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کا مؤثر محاصرہ کررکھا ہے۔

























Leave a Reply