Preloader

اسلام آباد (18 اگست 2026): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج درخواستوں اور واجبات کی وصولی کیلیے حج منیجمنٹ سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج 2027 کے انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج نظام کو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔

سردار محمد یوسف کے مطابق 4 لاکھ سے زائد افراد گھر بیٹھے حج رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں جبکہ رجسٹرڈ عازمین اب اپنی حج درخواست مکمل کرنے کے ساتھ پہلی قسط بھی ڈیجیٹل ذرائع سے گھر بیٹھے ادا کر سکیں گے، پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے درخواست سے ادائیگی تک سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ عازمین کو بینکوں کی قطاروں، غیر ضروری سفر اور کاغذی کارروائی سے نجات مل سکے۔

انہوں نے بتایا کہ حج 2027 کی سرکاری حج اسکیم کیلیے 1 لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں اور عازمین کا انتخاب پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2027 کیلیے نیا ضابطہ جاری

وفاقی وزیر نے رجسٹرڈ عازمین سے مقررہ طریقہ کار کے مطابق درخواست مکمل کرنے اور پہلی قسط بروقت ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل نظام حج انتظامات میں شفافیت، سہولت اور آسانی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

تقریب میں حج مینجمنٹ سسٹم کے مختلف فیچرز اور عازمین کیلیے دستیاب ڈیجیٹل سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حج مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے وزارت مذہبی امور سمیت حج سے متعلق تمام اہم اداروں کو ایک دوسرے سے منسلک کیا گیا ہے جن میں حبیب بینک، پاسپورٹ آفس اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل بھی شامل ہیں۔

نئے نظام کے ذریعے عازمین کی درخواست، دستاویزات کی تصدیق، ادائیگی اور درخواست کی پیشرفت کو ایک ہی ڈیجیٹل نظام کے تحت مربوط کیا جائے گا۔ حج درخواست کے عمل کے آغاز کیلیے عازم کو پہلے اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا جس کے بعد ای میل، موبائل نمبر یا شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے نظام میں لاگ اِن کیا جا سکے گا۔

درخواست میں روانگی کا شہر اور حج پیکیج اسکیم کا انتخاب کرنا ہوگا جبکہ عازم کو اپنی ذاتی معلومات، رابطے کی تفصیلات، قریبی عزیز اور آئی بین بھی درج کرنا ہوگا۔ درخواست کے دوران پاسپورٹ سائز تصویر سمیت دیگر ضروری دستاویزات بھی آن لائن اپ لوڈ کی جائیں گی۔

بریفنگ کے مطابق شناختی کارڈ نمبر درج کرنے پر پاسپورٹ آفس کے نظام سے پاسپورٹ کا ریکارڈ حاصل کیا جا سکے گا اور تصدیق کے بعد پاسپورٹ کی تفصیلات درخواست میں خودکار طور پر شامل ہو جائیں گی۔ اسی طرح پاسپورٹ کی بایو پیج تصویر اپ لوڈ کرنے کی صورت میں حج مینجمنٹ سسٹم پاسپورٹ آفس کے ریکارڈ سے تفصیلات کی تصدیق کرے گا جس سے درخواست کے عمل میں سہولت اور غلطیوں کے امکانات میں کمی آئے گی۔ خاندان یا گروپ کی صورت میں حج پر جانے والے افراد اپنی الگ الگ درخواستوں کو ایک ہی گروپ میں شامل کر سکیں گے۔ ادائیگی کیلیے بھی عازمین کو مختلف ڈیجیٹل ذرائع فراہم کیے گئے ہیں۔

عازمین ون لنک، پیس آئی ڈی، کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے حج واجبات ادا کر سکیں گے جبکہ ڈیجیٹل چالان کے ذریعے اے ٹی ایم یا بینک برانچ سے ادائیگی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ درخواست مکمل ہونے کے بعد عازمین ٹریکر کے ذریعے اپنی درخواست کی صورتحال اور ادائیگی سے متعلق معلومات بھی دیکھ سکیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج مینجمنٹ سسٹم کا مقصد عازمین کو درخواست جمع کرانے سے لے کر ادائیگی اور دیگر مراحل تک ایک جامع، آسان اور شفاف ڈیجیٹل سہولت فراہم کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *