اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 10 اگست 2026 کو ڈاکٹروں نے عمران خان کے لیے دوائیں تجویز کیں، ڈاکٹرز نے خون کی نالیوں کی کشادگی، بلڈ پریشر اور بے چینی میں کمی کی دوائیں تجویز کیں۔
عمران خان کا 4 نومبر 2023 کو دانتوں کا معائنہ کیا گیا جس کے بعد ڈاکٹر وسیم عزیز نے دانتوں کی فلنگ کی سفارش کی، کندھے کے درد پر نیورو سرجن نے فزیو تھراپی تجویز دی، 18 نومبر 2023 کو نیورو سرجن ڈاکٹر قاسم نے بائیں کندھے کا دوبارہ معائنہ کیا اور گرم سینکائی، علاج جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 24 نومبر 2023 کو دانتوں کی فلنگ مکمل کی گئی جس کے بعد اسکیلنگ اور پالشنگ کی ہدایت دی گئی، یکم دسمبر 2023 کو دانتوں سے نیکوٹین کے داغ ہٹائے گئے اور پالشنگ مکمل کی گئی۔
21 دسمبر 2023 کو آرتھوپیڈنگ سرجن نے ران کے پٹھوں میں سوزش کی تشخیص کی، آرتھوپیڈنگ سرجن نے ایڈکشن سے گریز کی ہدایت کی۔
جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق 3 مارچ 2024 کو آنکھ میں الرجی کی شکایت ہوئی جس پر ڈاکٹر ماریہ زبیر نے علاج تجویز کیا، 8 مارچ 2024 میں آنکھ کی حالت میں بہتری ریکارڈ ہوئی اور 2 دن کے لیے سی ایس ٹی کی ہدایت ہوئی۔
PTI founder’s health report submitted to Supreme Court
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 18 اپریل 2024 کو ای این ٹی کنسلٹنٹ نے کان میں سنسناہٹ اور بند ہونے کی تشخیص کی، 20 اپریل کو ای این ٹی سرجن نے کان کی صفائی کی اور ہلکی سماعت کی کمی کے شبے پر علاج شروع کیا، 23 اپریل کو دونوں کانوں میں سنسناہٹ اور کم سنائی دینے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد 23 اپریل کو ہی کانوں کا پی ٹی اے ٹیسٹ کیا گیا۔
علاوہ ازیں 24 اگست 2024 کو میڈیکل بورڈ نے خون کے مکمل ٹیسٹ کروائے، تمام رپورٹس نارمل آئیں اور سنسناہٹ کے لیے ادویات تجویز کی گئیں، 3 اکتوبر 2024 کو ای این ٹی پروفیسر نے شور کی وجہ سے کانوں میں سنسناہٹ کی تشخیص کی، کانوں کے علاج کے لیے ٹیبلٹس تجویز کی گئیں اور اونچی آواز سے پرہیز کی ہدایت کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 15 اکتوبر 2024 کو عمران خان کو بدہضمی اور کان بند ہونے کی شکایت ہوئی۔ 15 اکتوبر کو بلڈ پیشر 90-160، نبض 59 اور آکسیجن سیچوریشن 99 فیصد ریکارڈ کیا گیا، 29 اکتوبر اور 4 نومبر 2024 کو کارڈیک، میڈیسن بورڈ نے دوبارہ معائنہ کیا، خون کے ٹیسٹ نارمل، کان اور ناک کی بندش کا علاج شروع کیا گیا، 30 دسمبر 2024 کو عمران خان کو چکر آنے کی شکایت ہوئی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور علاج سے متعلق مقدمات سماعت کیلئے مقرر کیے ہیں، جج جسٹش شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کل ان مقدمات کی سماعت کرے گا۔
