امریکا نے ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ویزے جاری کر دیے۔
وائٹ ہاؤس حکام نے تصدیق کی ہے کہ رواں ماہ شروع ہونے والے فیفا ورلڈکپ کیلئے ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ ایرانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو امریکا میں داخلے کے لیے ویزے دے دیے گئے ہیں۔
اس سے قبل ایران کے میکسیکو میں سفیر ابوالفضل پسندیدہ نے جمعرات کی رات کہا تھا کہ ٹیم کو تاحال امریکی ویزے نہیں ملے، تاہم وائٹ ہاؤس اہلکار کے مطابق یہ ویزے راتوں رات جاری کر دیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی فٹبال فیڈریشن نے اس حوالے سے کوئی فی الحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
البتہ ایرانی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکا نےابھی تک ورلڈ کپ کے لیے ایرانی فٹبال ٹیم کے کچھ تکنیکی عملے کو ویزے جاری نہیں کیے۔
واضح رہے کہ ایران کی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے گروپ جی کا پہلا میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ سے لاس اینجیلس میں کھیلے گی۔
ایرانی فٹبال ٹیم کا لاس اینجیلس میں ہی بیلجیئم کی ٹیم سے بھی مقابلہ ہوگا، اس کے بعد سیاٹل میں ایرانی ٹیم کا مصر سے مقابلہ ہوگا۔

























Leave a Reply