اسلام آباد: پاکستان نے گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے بھارت کے بے بنیاد بیانات مسترد کردیے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت جھوٹی کہانیوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے فروغ میں عالمی شہرت رکھتا ہے، گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعوے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے کا طویل ترین غیر حل شدہ تنازع ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ کشمیر تنازع کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ہے، کشمیریوں کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کا حق ملنا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی فورسز کو سخت قوانین کے تحت حاصل استثنیٰ تشویشناک ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ علاقوں سے انخلا کرے، 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لے اور بین الاقوامی مبصرین، انسانی حقوق تنظیموں اور میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے۔

























Leave a Reply