ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ پاکستان نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات امریکا کے ساتھ شیئر نہیں کیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے 29 مئی کو اسحاق ڈار اور امریکی وزیرخارجہ کی ملاقات سے متعلق سامنے آنے والے دعوؤں کی واضح انداز میں تردید کی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات شیئرکرنے کے حوالے سے رپورٹ مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان رپورٹس کو سختی سے مسترد کرتاہے جن میں دعویٰ کیا گیا کہ 29 مئی کو امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا تھا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہےکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اصولی مؤقف،علاقائی استحکام اور باہمی احترام پرمبنی ہے، کسی بھی ملک کے خلاف خفیہ معلومات کے تبادلے سے متعلق قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ تنازع کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، اسحاق ڈار کے دورہ امریکا کے دوران بھی امریکی حکام سے اس معاملے میں تبادلہ خیال ہوا، چیلنجز کے سفارتی حل کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔






















Leave a Reply