کراچی کے علاقے گلشن حدید میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی فاطمہ کو قتل کردیا گیا جبکہ شوہر کی حالت تشویشناک ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔
ٹھٹھہ کی عدالت نے دھابیجی کے رہائشی جوڑے کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پولیس کراچی کی حدود میں انہیں چھوڑ کر چلی گئی۔
نیشنل ہائی وے ٹول پلازہ کی فوٹیج میں پولیس موبائل کو دیکھا جاسکتا ہے، میاں اور بیوی کراچی کی حدود میں آئے تو ٹھٹھہ پولیس واپس چلی گئی، پولیس کے جاتے ہی سفید کار میں سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فاطمہ جاں بحق اور شوہر اکبر سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق جوڑے کو عدالت سے واپس آتے وقت ٹارگٹ کیا گیا، ملزمان فائرنگ کرکے واپس ٹھٹھہ فرار ہوگئے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ اکبر اور اہلیہ فاطمہ، دوست عمیر کے ساتھ ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے، فاطمہ کو دو گولیاں لگیں جبکہ شوہر اکبر کو 6 گولیاں لگیں جس کی حالت تشویشناک ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق اکبر کے دوست عمیر کو ایک گولی لگی ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بعدازاں اسٹیل ٹاؤن پولیس نے ٹھٹھہ میں چھاپہ مار کر ایک ملزم کو حراست میں لے لیا جس پر جوڑے پر فائرنگ کرنے کا الزام ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تھانہ منتقل کیا جارہا ہے۔
