Preloader

کیلیفورنیا : ایپل نے اپنے مقبول اسمارٹ فون آئی فون ایکس کو باضابطہ طور پر ’اوبسولیٹ‘یعنی متروک شدہ ناکارہ مصنوعات کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ 

سال 2017میں متعارف کرایا گیا آئی فون ایکس ایپل کے لیے ڈیزائن کے ایک نئے دور کا آغاز تھا، اس فون میں پہلی بار نمایاں ’نوچ‘ متعارف کرائی گئی، جبکہ اسکرین کے کناروں کو کم سے کم رکھا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز یہ فیصلہ آئی فون ایکس کے متعارف ہونے کے تقریباً نو سال بعد سامنے آیا ہے، جس کے بعد اگر آپ کے پاس یہ فون موجود ہے تو آپ اس کی ایپل کے آفیشیل آوٹ لیٹس سے مرمت نہیں کروا سکیں گے۔

ایپل کی پالیسی کے مطابق کسی ڈیوائس کے متروک قرار دیے جانے کے بعد کمپنی اور اس کے مجاز سروس فراہم کنندگان اس کے لیے ہارڈویئر مرمت یا دیگر معاونت فراہم نہیں کرتے، آئی فون ایکس اب جدید ترین آئی او ایس اپ ڈیٹس بھی حاصل نہیں کرتا۔

ایپل نے 2018 کے 15 انچ میک بک پرو کو بھی متروک مصنوعات کی فہرست میں شامل کیا ہے، یہ ماڈل انٹیل پروسیسر کے ساتھ پیش کیا گیا تھا، جبکہ بعد میں ایپل نے 2020 میں اپنے تیار کردہ ایم 1 چِپ کے ذریعے ایپل سیلیکون کا دور شروع کیا۔

آئی فون ایکس کے متروک قرار دیے جانے کے ساتھ ہی ایپل کے مستقبل کے آئی فونز کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 2026 میں کمپنی فولڈ ایبل آئی فون الٹرا متعارف کرا سکتی ہے، جبکہ 2027 میں ممکنہ طور پر آئی فون 20 پرو پیش کیا جائے گا، جس میں نوچ یا کیمرا کٹ آؤٹ کے بغیر مکمل شیشے کا ڈیزائن دیا جا سکتا ہے۔

یوں آئی فون ایکس کا اختتام ایپل کے ایک اہم ڈیزائن دور کے خاتمے کی علامت بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *