اسلام آباد (11 اگست 2026): وزیر دفاع خواجہ آصف نے اہم پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران معاہدے کے قریب ہیں۔
خواجہ آصف نے غیت ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ امریکا اور ایران میں دیرپا امن خطے کے مفاد میں ہے، حالیہ پیشرفت اشارہ ہے کہ معاملات معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
دوسری جانب، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران مین موجود ہیں جہاں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ امور، خطے کی صورتحال اور ایران امریکا مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چند روز قبل، امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران سے معاہدے کیلیے بے تاب ہیں، وہ جنگ کے خاتمے کیلیے جوہری معاہدے کے بغیر بھی سمجھوتے پر آمادہ ہیں۔
اخباری رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلیٰ حکام سے گفتگو میں کہا کہ آبنائے ہرمز مکمل کھولنے کی شرط پر ایران سے معاہدے کیلیے تیار ہیں لیکن ایران نے سخت مطالبات پیش کر دیے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کئی ہفتوں سے آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت کو ممکنہ کامیابی کے طور پر پیش کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔ انہوں نے سینئر معاونین کے سامنے جوہری معاہدے کے بغیر بھی جنگ ختم کرنے کا امکان ظاہر کیا تھا لیکن ایران کے مطالبات نے سمجھوتے کو مشکل بنا دیا ہے۔
