Preloader

گوگل کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے ماڈل جیمنائی سے تیار کی جانے والی تصاویر پر موجود نمایاں واٹرمارک ہٹانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گوگل کا نینو بنانا امیج جنریٹر صارفین کے دیے گئے خیالات اور پرامپٹس کی بنیاد پر تصاویر تیار کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ تاہم، اس سے تیار ہونے والی تصاویر کے نچلے دائیں کونے میں نمایاں واٹرمارک موجود ہوتا ہے، جسے بعض صارفین پسند نہیں کرتے۔

اب گوگل جیمینی اور فلو میں ایک نئی سیٹنگ متعارف کرا رہا ہے جس کے ذریعے صارفین نینو بنانا سے تیار کردہ تصاویر سے یہ نمایاں واٹرمارک ہٹا سکیں گے، یہی سہولت گوگل سرچ کے اے آئی موڈ میں بھی دستیاب ہوگی۔

یہ فیچر صرف تصاویر تک محدود نہیں ہوگا بلکہ صارفین جیمنائی اومنی سے تیار کردہ ویڈیوز میں موجود نمایاں واٹرمارک بھی ہٹاسکیں گے۔

تاہم جن ممالک میں قوانین کے تحت اے آئی سے تیار کردہ مواد پر نمایاں واٹرمارک رکھنا لازمی ہے، وہاں یہ سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔

گوگل کے مطابق نمایاں واٹرمارک ہٹانے کے باوجود تصاویر اور ویڈیوز میں موجود غیرمرئی واٹر مارک برقرار رہے گا۔ یہ پوشیدہ شناختی نشان اے آئی سے تیار کردہ مواد کی شناخت میں مدد دے گا اور صارف کی جانب سے نظر آنے والا واٹرمارک ہٹانے سے متاثر نہیں ہوگا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ نئی سہولت صارفین کو اے آئی سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز کے استعمال میں مزید آزادی دے گی، تاہم قانونی تقاضوں والے ممالک میں واٹرمارک برقرار رکھا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *