قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کراچی کو کوئی پیرس کہتا ہے تو ہنسی آتی ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ کراچی چھوڑ کر اسلام آباد منتقل ہونا مشکل فیصلہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی بہت ہی زبردست لوگوں کا شہر ہے میں نے یہاں اچھا وقت گزارا ہے، اسلام آباد کی آب و ہوا، انفراسٹرکچر اچھا ہے، میرے لیے کے پی اور دیگر شہروں میں جانا آسان ہوتا ہے موٹرویز بنی ہوئی ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ کراچی کو تو نہیں مس کررہا لیکن کراچی کے لوگوں کی یاد آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کورنگی سائیڈ پر گیا سڑکیں دیکھ کر مایوسی ہوئی، اتنے عرصے کے بعد کراچی آیا میں نے سوچا کوئی بہتری آئی ہوگی لیکن دیکھ کر افسوس ہوا، میں لوگوں کو یہ کہتے سن رہا ہوتا ہوں کہ کراچی پیرس ہے تو ہنسی آتی ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پتا نہیں کب سے دیکھ رہا ہوں بنا نہیں ہے، شاہراہ بھٹو پر اچھا کام ہوا ہے جس کی تعریف کرنی چاہیے لیکن ضرورت بہت سارے کاموں کی ہے جو انہیں کرنے پڑیں گے، ایک دو کاموں سے خود کو اور لوگوں کو مطمئن نہیں کرسکتے۔
