اسلام آباد : پاکستان میں کاروبار کا نیا ریکارڈ بن گیا، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) میں ایک ماہ کے دوران ہزاروں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔
پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جولائی کے دوران نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں ملک بھر میں 5 ہزار 438 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں جو ایک ماہ کے دوران بلند ترین شرح قرار دی جا رہی ہے۔
اس دوران پانچ بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کیے، جن میں ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور چین کی کمپنیاں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نئی رجسٹر ہونے والی 112 کمپنیوں میں غیرملکی ڈائریکٹرز بھی شامل ہیں، جو پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری اور کاروباری دلچسپی میں اضافے کا اشارہ ہے۔
رجسٹرڈ کمپنیوں میں 3 ہزار 148 پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں شامل ہیں، جبکہ صوبہ پنجاب سب سے آگے رہا جہاں 2 ہزار 756 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
اس کے بعد اسلام آباد میں ایک ہزار 53، سندھ میں 864، خیبرپختونخوا میں 450، گلگت بلتستان میں 180اور بلوچستان میں 135 کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔
شعبہ وار جائزے کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سب سے نمایاں شعبہ رہا، جہاں ایک ہزار 8نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ اس کے علاوہ ٹریڈنگ کے شعبے میں 845، سروسز میں 638، کنسٹرکشن میں 348، فوڈ اینڈ بیوریجز میں 256، سیاحت میں 207، ای کامرس میں 181، تعلیم میں 165، رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ میں 162 اور کارپوریٹ ایگری کلچر میں 145 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی۔
کاروباری ماہرین کے مطابق نئی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی رجسٹریشن نجی شعبے میں سرمایہ کاری، کاروباری اعتماد اور معیشت میں نئی سرگرمیوں کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ آئی ٹی سیکٹر میں تیزی سے ہونے والی رجسٹریشن پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کا مثبت اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔
