بھارت میں ظالم شوہر نے اپنی 8 ماہ کی حاملہ بیوی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کا حمل ضائع ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترا کھنڈ کے علاقے وکاس نگر میں پیش آیا، سیما کی 7 سال قبل ببلو سے شادی ہوئی تھی، جوڑے کی 2 بیٹیاں ہیں اور سیما اب تیسری بار حاملہ تھی، چند روز قبل میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا جس دوران شوہر نے طیش میں آکر بیوی کو لاتوں اور ڈنڈے سے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے بچہ پیدائش سے قبل ہی انتقال کرگیا۔
بھارتی میڈیا کےمطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سیما کے والد شیر سنگھ اپنی بیٹی سے ملنے آئے لیکن ملزم نے انہیں گھر میں داخل ہونے سے روک دیا جس پر والد نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر سیما کو فوری علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا جب کہ اس کے شوہر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
سیما کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ ببلو کچھ دن پہلے سیما کو زبردستی پانی پت لے گیا تھا جہاں اس نے غیر قانونی طور پر قبل از پیدائش جنس کا پتا لگانے کیلئے ٹیسٹ کروائے۔
والدین نے دعویٰ کیا کہ ملزم نے ٹیسٹ میں جنس لڑکی کا پتا لگنے پر بیوی پر تشدد کیا۔
دوسری جانب پولیس نے بتایا ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا زمین کے سودے سے شروع ہوا تھا، ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس نے اپنی بیوی کے نام ایک پلاٹ خریدا جسے اس نے اپنے والدین کو پیسے دینے کے لیے بغیر علم میں لائے بیچ دیا۔


























Leave a Reply