سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو سرکاری دورے پر ترکیے پہنچ گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطبق ائیرچیف نے ترک فضائیہ کےسربراہ جنرل ضیا کمال کادی اوغلو، وزیرِ قومی دفاع یاسر گلر اور بائیکار ٹیکنالوجیزکے چیف ٹیکنالوجی افسر سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی تعاون، ایرواسپیس جدت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اشتراک کو مزید فروغ دینےکے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ائیرچیف نے ترک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز میں جنرل ضیا کمال کادی اوغلو سے ملاقات کی، ائیرچیف کو ترک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز میں تاریخی اور پرُتپاک استقبال کے ساتھ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ ترک ائیر چیف نے ترک پائلٹوں کی تربیت میں پاکستان ائیر فورس کے تعاون کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر چیف کی ترک وزیرِدفاع سےملاقات میں پاکستان اور ترکیے کے درمیان مضبوط، تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کا اعادہ کیا گیا جبکہ ملاقات میں تربیت، استعداد کار میں اضافے، ایرواسپیس تعاون میں گہرے روابط تلاش کرنے پر گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی ائیراسٹاف نے بائیکارٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی افسر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں فضائی ٹیکنالوجی میں جدت، ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجیز پر تبادلہ خیال کیا گیا جو دونوں ممالک کےدرمیان اگلی نسل کی دفاعی ٹیکنالوجی میں تعاون کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔


























Leave a Reply