کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے یونیورسٹی روڈ پر تعمیراتی کام 90 روز میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
جمعرات کو وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بی آر ٹی ریڈ لائن لاٹ 2 منصوبے کی تعمیر تیز کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ کی اہم سمری کابینہ نے منظور کر لی۔ بی آر ٹی ریڈ لائن لاٹ 2 میں تاخیر پر سابقہ جوائنٹ وینچر معاہدہ ختم کر دیا گیا۔
اجلاس میں ترقیاتی کام میں تاخیر اور ناقص کارکردگی پر پرانا کنٹریکٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کو ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ سونپنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ لاٹ 2 منصوبہ نمائش چورنگی تا موسمیات تک 12.85 کلومیٹر حصے پر مشتمل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یونیورسٹی روڈ پر تعمیراتی کام 90 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مکسڈ ٹریفک لینز بھی جلد مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ انڈر پاسز، بلند ڈھانچوں اور نکاسی آب کے نظام کی تعمیر تیز کی جائے،کراچی کی اہم شاہراہ کی بحالی کے لیے فوری اقدامات شروع کریں، بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک مسائل میں کمی ہوگی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں اعلیٰ تعلیم اور فنی تربیت سے متعلق چار اہم اصلاحاتی سمریوں کی منظوری دی گئی جبکہ سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ترمیمی بل 2026 منظور کیا گیا۔
اجلاس میں سندھ حکومت نے فنی تعلیم کے شعبے میں نگرانی اور گورننس مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا۔






















Leave a Reply