Preloader

(21 اکتوبر 2026): بولی وڈ اداکار ٹائیگر شروف پر حملے کے بعد سُپر اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس کی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔

ممبئی کے علاقے باندڑہ میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹس کے اردگرد اضافی پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے اور علاقے میں گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خدشہ ہے کہ سلمان خان پر قاتلانہ حملہ ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے جوہو علاقے میں تین مسلح موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے ٹائیگر شروف کی گاڑی پر براہ راست فائرنگ کی تھی جس میں تین افراد زخمی ہوئے تھے، تاہم خوش قسمتی سے اداکار محفوظ رہے۔

پولیس تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نے ٹائیگر شروف پر حملے سے قبل سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس کی ریکی کی تھی، وہ سُپر اسٹار کو نشانہ بنانا چاہتے تھے لیکن سکیورٹی کی وجہ سے ان کا منصوبہ ناکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں: شوٹرز کا ہدف ٹائیگر شروف نہیں تو پھر کون تھا؟ حیران کن انکشاف

تاہم، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران کسی اور اداکار کے ہدف ہونے کی بات سامنے نہیں آئی، کیونکہ یہ افراد صرف ہتھیاروں کی ترسیل کے نیٹ ورک کا حصہ تھے، ان کا علم صرف اس تک محدود تھا کہ ہتھیار کہاں سے حاصل کرنے ہیں اور کہاں پہنچانے ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے حوالے سے رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ملزمان عام سیاحوں کے بھیس میں ممبئی میں گھومتے رہے اور کئی سلیبرٹیز سے منسلک مقامات کی ریکی کی۔

ان رپورٹس میں جن ناموں کا ذکر کیا گیا ان میں سلمان خان کے علاوہ امیتابھ بچن، اکشے کمار اور عامر خان بھی شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *