اسلام آباد : جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کے فراڈ کا عالمی اسکینڈل بے نقاب ہوگیا، این سی سی آئی اے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے امریکا کو 126 ملین ڈالر کا نقصان پہنچانے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پاکستان میں این سی سی آئی اے کی کارروائی اور امریکی عدالت میں فردِ جرم کے بعد معاملہ ایک بڑے بین الاقوامی سائبر فراڈ کیس کے طور پر سامنے آیا ہے، جس میں جعلی آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے لاکھوں ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرکے مبینہ طور پر 126 ملین ڈالر جن کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 35 ارب روپے سے زائد بنتی ہے کا بین الاقوامی آن لائن فراڈ کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
لاکھوں جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور عاطف عامر نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو کارروائی سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت فہیم اکرم کے نام سے ہوئی ہے، جو 2023 سے ایک جعلی ویب سائٹ کے ذریعے امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے میں ملوث تھا۔ ملزم کی ویب سائٹ کے ذریعے 50 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزم نے مبینہ فراڈ کے لیے اپنے خاندان کے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے این سی سی آئی اے کی جانب سے 10 روز تک خصوصی لوکیٹر آپریشن جاری رہا۔ 8 خصوصی ٹیموں نے مختلف کارروائیاں کیں اور 35 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
امریکی عدالت میں بھی فردِ جرم عائد
ملزم فہیم اکرم کے خلاف رواں ماہ کے آغاز میں امریکی ریاست فلوریڈا کی وفاقی عدالت میں بھی فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق خانیوال سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ فہیم اکرم پر امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے جو پاکستانی کرنسی میں لگ بھگ تقریباً 38 ارب روپے بنتے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق ملزم نے LabelsBank.com کے نام سے ویب سائٹ قائم کر رکھی تھی، جہاں جعلی امریکی پوسٹل ٹکٹ فروخت کیے جاتے تھے۔
FOLLOW ARY TUBE FOR MORE SUCH NEWS
ویب سائٹ پر ہر پارسل کا ڈاک ٹکٹ صرف 2 ڈالر میں فروخت کیا جاتا تھا، جبکہ ٹکٹ کی قیمت پارسل کے وزن یا حجم سے مشروط نہیں تھی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ویب سائٹ سے 5 ہزار 200 سے زائد صارفین نے 51 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک ٹکٹ خریدے۔
این سی سی آئی اے نے آن لائن ویزا فراڈ میں ملوث بڑے گینگ کو گرفتار کر لیا
