اسلام آباد (15 اکتوبر 2026): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر چینی ہم منصب لان فوان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ مالیاتی تعاون کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور علاقائی اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
محمد اورنگزیب نے ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی استحکام کی جانب پیشرفت کو اجاگر کیا اور مشکل معاشی حالات میں چین کی دیرینہ حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ چینی وزیر خزانہ نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کا خیر مقدم کیا۔
دونوں وزرائے خزانہ نے پاکستان کی جانب سے پہلے پانڈا بانڈ کے کامیاب اجرا کا جائزہ لیا جس میں ضابطہ جاتی معاونت، ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی جانب سے قرض کی ساکھ بہتر بنانے کیلیے معاونت، 2.5 فیصد کی مسابقتی شرحِ منافع اور سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی شامل تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مشکل کی گھڑی میں دوست ملک چین پاکستان کی مدد کیلیے پیش پیش
محمد اورنگزیب نے چینی سرمایہ منڈی میں بار بار خودمختار بانڈ جاری کرنے والے ملک کی حیثیت سے مستقل موجودگی قائم کرنے کے پاکستان کے ارادے کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں چار سال کے وقفے کے بعد پاکستان کی یورو بانڈ مارکیٹ میں واپسی اور منظور شدہ 7.2 ارب چینی یوآن کے پروگرام کے تحت مزید پانڈا بانڈز کے اجرا کے منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی، جن میں اے آئی آئی بی کی مسلسل معاونت بھی شامل ہے۔
وزرائے خزانہ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی پاکستان کی سربراہی، آئندہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور اس سے قبل اسلام آباد میں ایس سی او کے وزرائے خزانہ کے اجلاس کے انعقاد پر بھی گفتگو کی۔ لان فوان نے اسلام آباد میں وزارتی اجلاس میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔
دونوں جانب سے علاقائی مالیاتی تعاون کے ایک اہم اقدام کے طور پر ایس سی او ترقیاتی بینک کے مجوزہ قیام پر بھی گفتگو ہوئی۔ چینی فریق نے اس مجوزہ ادارے کے حوالے سے جاری مشاورت میں پاکستان کی فعال شرکت اور اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں تعاون کی درخواست کی۔ محمد اورنگزیب نے بینک کے قیام کو آگے بڑھانے کیلیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دوطرفہ انفراسٹرکچر تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ چینی وزیرِ خزانہ نے چین۔پاکستان شاہراہ کے ایک منصوبے کے مجوزہ راستے میں تبدیلیوں کے حوالے سے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی جانب پیشرفت کا ذکر کیا۔
ڈیجیٹل تبدیلی اور ہنرمندی کے فروغ کے حوالے سے محمد اورنگزیب نے اپنے چینی ہم منصب کو ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتوں کی تربیت کے فروغ کیلیے علی بابا کے ساتھ پاکستان کے تعاون سے آگاہ کیا۔ انہوں نے تعاون کے طے شدہ فریم ورک پر عملدرآمد اور ان شعبوں میں اشتراک مزید مضبوط بنانے کے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
