(14 اکتوبر 2026): کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں ایک گھر سے دو گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ تھانہ سر سید کی حدود میں بی اماں پارک کے قریب گھر سے معمر میاں بیوی کی گلا کٹی لاشیں ملی ہیں، دونوں کچھ عرصہ قبل کینیڈا سے پاکستان منتقل ہوئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق مرد کی شناخت محمد یامین اور خاتون کی نفیسہ کے نام سے ہوئی جن کی عمریں 65 سے 70 سال کے درمیان ہیں، تحقیقات کیلیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل ریسکیو حکام نے بتایا کہ بی اماں پارک کے قریب گھر سے ضعیف شخص اور خاتون کی لاشیں ملی ہیں، بظاہر لاشوں کی گردن پر تیز دھار آلے کے نشان ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن حدید کی نجی سوسائٹی میں گھر سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جن کی شناخت 30 سالہ شاہزیب (شوہر)، 28 سالہ صبا (بیوی)، 20 سالہ شمائلہ (بیٹی)، 5 سالہ ایزل (بیٹی) اور تین سالہ آریا (بیٹی) کے ناموں سے ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ’شاہزیب کے مالی حالات خراب نہیں تھے، اس نے 2.5 کروڑ کا گھر بیچا‘
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک پستول اور متوفی شاہزیب کی جیب سے ایک تحریری خط (خودکشی نوٹ) ملا ہے۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق شدید مالی مشکلات سے تنگ آ کر یہ قدم اٹھایا گیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ پہلے بچوں کو زہر دیا گیا اور اس کے بعد خودکشی کی گئی۔
پولیس واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے۔
