Preloader

اداکارہ سلونی کی زندگی کی آخری فلم امیر تے غریب 1979ء میں سنیما کے پردے پر پیش کی گئی تھی۔ اس کے بعد سلونی نے فلم انڈسٹری سے تعلق ختم کرلیا۔ لیکن اس وقت تک وہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں اردو اور پنجابی فلموں کے ذریعے پہچان بنا چکی تھیں اور بہت مقبول تھیں۔ آج سلونی کی برسی ہے جو اپنے دور کے کئی بے مثال اور بہترین اداکاروں کی طرح اب ایک بھولا بسرا نام ہیں۔

سلونی کو فلمی دنیا کی ایک کام یاب اداکارہ کہا جاتا ہے جنھوں نے 1964ء سے 1979ء کے دوران بڑے پردے پر کئی کردار نبھائے اور ان پر فلمائے ہوئے نغمات بھی بہت مقبول ہوئے۔ اداکارہ سلونی کا انتقال 14 اکتوبر 2010ء کو کراچی میں ہوا جہاں وہ اپنی بیٹی سے ملنے کے لیے آئی تھیں۔ سلونی لاہور میں مقیم تھیں۔ ان کی تدفین لاہور ہی میں کی گئی، لیکن ظاہر ہے کہ وقت بہت تیزی سے بدل چکا تھا اور ان کے ساتھی فن کار یا فلمی دنیا کے کارپرداز بھی دنیا میں نہیں رہے تھے اور جو زندہ تھے وہ ان کی موت سے لاعلم رہے۔

ایک دور تھا کہ سلونی ہر بڑے ہدایت کار کی فلم میں نظر آتی تھیں اور انھوں نے اپنے وقت کے مقبول فن کاروں کے ساتھ کام کرکے اپنی فن کارانہ صلاحیت کا لوہا منوایا تھا۔ انھیں فلم انڈسٹری میں بڑی عزّت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ اداکارہ سلونی 26 اپریل 1950ء کو راولپنڈی میں پیدا ہوئیں۔ ان کا نام زہرہ بیگم تھا جو فلمی دنیا میں سلونی ہوگیا۔ سلونی کو سب سے پہلے مشہور فلم ساز فضل احمد کریم فضلی نے اپنی فلم میں سائڈ رول کے لیے منتخب کیا تھا، لیکن اس کی ریلیز سے پہلے 1964ء میں فلم ’’غدار‘‘ نمائش کے لیے پیش کردی گئی۔ اس میں بھی سلونی نے کام کیا تھا۔ یوں اداکارہ کا اس وقت کے فلم بینوں سے پہلا تعارف یہی فلم بنی۔ فلمی ریکارڈ کے مطابق انھوں نے اپنے کیریئر میں 67 فلمیں کیں جن اردو اور پنجابی زبانوں میں بننے والی فلمیں شامل ہیں۔ اداکارہ نے فلم کھوٹا پیسا، عادل، باغی سردار، حاتم طائی، درندہ، چن مکھناں، دل دا جانی، لٹ دا مال، بالم، چھین لے آزادی کے نام سے بننے والی فلموں میں‌ کام کیا جو بہت کام یاب ہوئیں۔

مشہور ہے کہ اداکارہ نے 1970ء میں خود کشی کی کوشش کی تھی لیکن بروقت طبی امداد ملنے سے جان بچ گئی۔ وہ اس وقت کے مشہور فلم ساز اور ہدایت کار باری ملک کے عشق میں گرفتار تھیں لیکن شادی سے انکار سن کر یہ قدم اٹھایا تھا۔ بعد میں باری ملک نے سلونی سے شادی کر لی تھی اور پھر وہ تقریباً 25 برس متحدہ عرب امارات میں رہیں جہاں ان کے شوہر باری ملک نے اپنا کاروبار جما لیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *