اسلام آباد (15 اکتوبر 2026): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بہتر کالنگ اور انٹرنیٹ سروس کیلیے موبائل فون صارفین کو اہم ہدایات جاری کر دیں۔
ترجمان پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی اے صارفین کو موباےل فون کی درست نیٹ ورک سیٹنگز اور جدید ٹیکنالوجیز وائس اوور ایل ٹی ای (VoLTE)، وائی فائی کالنگ (Wifi Calling) اور وی او وائی فائی (VoWiFi) کے مؤثر استعمال کے بارے میں آگاہ کرتا ہے تاکہ وہ اپنے کالنگ اور موبائل انٹرنیٹ کے تجربے کو بہتر بنا سکیں۔
بیان میں کہا گیا کہ دورانِ کال آواز واضح نہ ہونے، اور فور جی ایل ٹی ای (4G/LTE) کال ملنے میں تاخیر کی صورت میں صارفین اپنے موبائل فون کی نیٹ ورک سیٹنگز چیک کریں اور (4G/LTE) فور جی / ایل ٹی ای آپشن اگر فعال نہیں ہے تو اسے فعال کر لیں، اس کے ساتھ اس امر کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے کہ موبائل فون اور سم دونوں فور جی سروس کو سپورٹ کرتے ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: موبائل فون کی پی ٹی اے سے تصدیق کا آسان طریقہ
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ وائس اوور ایل ٹی ای (VoLTE) بہتر کالنگ کیلیے ایک اہم سہولت ہے جس کے ذریعے فور جی نیٹ ورک پر وائس کال کی جا سکتی ہے، اس سے آواز کے معیار میں بہتری اور کال جلد ملنے میں مدد ملتی ہے، اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلیے ضروری ہے کہ صارف کا موبائل فون، سم اور متعلقہ موبائل آپریٹر وی او ایل ٹی ای کو سپورٹ کرتے ہوں۔
اسی طرح وائی فائی کالنگ (Wifi Calling) اور وی او وائی فائی (VoWiFi) ایسے مقامات پر مفید ثابت ہو سکتے ہیں جہاں موبائل نیٹ ورک کے سگنلز کمزور ہوں، مثلاً گھروں کے اندر یا تہہ خانوں میں، اس سہولت کے ذریعے صارفین وائی فائی کے ذریعے کال کر سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کا فون اور موبائل آپریٹر VoWiFi کو سپورٹ کرتے ہوں، لہٰذا موبائل فون کی سیٹنگز میں وائی فائی کالنگ کا آپشن فعال کرنا اور فون کو وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک کرنا ضروری ہے۔
صارفین موبائل فون کی سیٹنگز میں وائس اوور ایل ٹی ای (VoLTE)، وائی فائی کالنگ Wi-Fi Calling اور وی او وائی فائی (VoWiFi) کے آپشنز فعال کریں۔
وائس اوور ایل ٹی ای کیلیے فون کا فور جی نیٹ ورک سپورٹ کرنا ضروری ہے جبکہ وی او وائی فائی کمزور موبائل سگنلز والے مقامات پر وائی فائی کے ذریعے کال کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
پی ٹی اے نے کہا کہ ان سہولیات کے استعمال کیلیے موبائل فون اور موبائل آپریٹر کی ان سے مطابقت ضروری ہے، صارفین ان سہولیات کی دستیابی، فعالیت اور استعمال سے متعلق مزید معلومات اور رہنمائی کیلیے اپنے متعلقہ موبائل فون آپریٹر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
