ایران کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران اسرائیل کے دفاع میں امریکا نے اپنے تھاڈ اینٹی میزائل سسٹم کے نصف سے زائد انٹرسیپٹرز استعمال کر لیے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکا نے اسرائیل کی جانب آنے والے میزائلوں کو تباہ کرنے کے لیے 200 سے زائد تھاڈ انٹرسیپٹرز استعمال کیے۔ اس کے علاوہ 100 سے زیادہ SM-3 اور SM-6 انٹرسیپٹرز بھی داغے گئے۔
رپورٹ میں محکمہ دفاع کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ خود اسرائیل نے اپنے دفاع کے لیے 100 سے کم ’ائیرو‘ انٹرسیپٹرز اور تقریباً 90 ’ڈیوڈ سلنگ‘ سسٹم کے میزائل استعمال کیے۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر امریکا نے اسرائیل کے دفاع کے لیے اسرائیلی افواج کے مقابلے میں کہیں زیادہ تعداد میں انٹرسیپٹرز استعمال کیے۔
ایک امریکی عہدیدار نے امریکی اخبار کو بتایا کہ اگر ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ شروع ہوتی ہے تو امریکا کو اسرائیل کے دفاع کے لیے مزید انٹرسیپٹرز استعمال کرنا پڑ سکتے ہیں کیونکہ اسرائیل نے اپنے کچھ میزائل دفاعی سسٹمز مرمت کے لیے بھیج دیے ہیں۔
رپورٹ میں ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا کہ ’اسرائیل اپنے طور پر جنگ لڑنے اور جیتنے کی مکمل صلاحیت نہیں رکھتا، لیکن عام طور پر لوگ اس پہلو کو نہیں دیکھتے‘۔


























Leave a Reply