کراچی: عدالت نے بارشوں کے دوران نالے میں گرنے سے شہری کی ہلاکت کا ذمہ دار اورنگی ٹاؤن انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے متاثرہ فیملی کو ڈیڑھ کروڑ روپے ادا کرنے کا حکم دیدیا۔
سینئر سول جج غربی کی عدالت میں بارشوں کے دوران اورنگی نالے میں گر کر شہری کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے حادثے کا ذمہ دار ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اورنگی کو قرار دیتے ہوئے کے ایم سی کو بری الزمہ قرار دے دیا۔
عدالت نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور موسمیاتی مشاہداتی نظام بارش کی مقدارکی درست پیشگوئی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، متعلقہ حکام کی نااہلی اور ناکامی ہے کہ انہوں نے پیشگی اقدامات اور خطرناک مین ہول کو بند نہیں کیا، ٹی ایم سی کی غفلت اور لاپرواہی پر مبنی رویہ ناگہانی موت کا بنیادی ذمہ دار ہے۔
وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ 2020 میں ہونے والی شدید بارشوں میں متوفی عارف قریشی گھر واپس آرہا تھا کہ نالے میں گر کر شدید زخمی ہوا اور پھر جاں بحق ہوگیا۔
وکیل نے کہا کہ انتظامیہ کی غفلت اور نا اہلی کی وجہ سے نالے کی نامناسب دیکھ بحال اور کور نہیں تھا۔
دوسری جانب ٹی ایم سی اورنگی ٹاؤن نے مؤقف اختیار کیا کہ بارشوں میں تمام حفاظتی اقدامات کیے گیے تھے، درخواست گزار کے الزامات غلط ہیں کیس قابل سماعت نہیں ہے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹی ایم سی کی وجہ سے متوفی کی قیمتی زندگی چلی گئی، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اورنگی ٹاؤن متوقی کے اہلخانہ کو ڈیڑھ کروڑ روپے ادا کرے۔


























Leave a Reply