چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمارا تو خون بہایا جاتا ہے ہم کسی کا خون نہیں بہاتے ہیں۔
ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ کبھی زندگی میں خون بہانے کی بات کی نہ آئندہ کبھی کروں گا، تمام صحافی جانتے ہیں کہ کراچی اور سندھ میں ہماری تاریخ کیا رہی ہے، لوگ لاہور اور کراچی کا موازنہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو مشکلات کراچی کو دیکھنا پڑی وہ لاہور نے نہیں دیکھیں، جس طرح کراچی میں بھائی سے بھائی کو قتل کرایا گیا لاہور میں ایسا نہیں ہوا، یہ حالات ہم نے دیکھے ہیں بہت مشکل سے کراچی میں امن قائم کیا ہے، کراچی میں دن رات قتل و غارت گری ہوتی تھی اب نہیں ہورہی ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ بے نظیر کو روکنے کے لیے سندھ کی سیاست میں نفرت اور تقسیم کا بیج بویا گیا، بے نظیر بھٹو کا راستہ روکنے کے لیے سندھ کی سیاست میں آگ لگادی گئی اور سمجھا کہ ان کا راستہ روک لیں گے۔
بلاول بھٹو نے ایک بار پھر وضاحت کی کہ میں کسی کو دھمکی نہیں دے رہا تھا صرف خطرے کی گھنٹی بجارہا تھا، قوم پرست جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کیا اسی دن ایم کیوایم والوں نے بھی کردیا، اب سندھی کلچر ڈے کے دن ہی ایم کیو ایم کی جانب سے جلسے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بلدیہ فیکٹری میں لوگوں کو زندہ جلانے میں شریک تھے وہ نکلتے ہیں تو خطرے کی گھنٹی بجاؤں گا، میری ذمہ داری ہے کہ نشاندہی کروں، اگر یہی کام آپ ریفرنڈم کے ذریعے کرانا چاہتے ہیں تو نقصان کا خطرہ ہے، آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ کار موجود ہے۔
نئے صوبوں پر بلاول نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے لیے وفاق کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کی بھی دو تہائی اکثریت لازمی ہے، یہ ایک وزیراعظم کے بس کی بات نہیں ہم سب کو مل کر تھریٹ کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
Source: پاکستان



