کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے لوکل گورنمنٹ سے متعلق ایک کمیٹی بنانےکا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ناصر حسین شاہ اور ضیا لنجار کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی جا رہی ہے، جو لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کرے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا اس کمیٹی کے تحت لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے سول سوسائٹی، بزنس کمیونٹی، لیبر، فارمرز اور صحافیوں سے ملاقاتیں ہوں گی، اور اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز لے کر حکومت سندھ زیر غور لائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا ہم نے لوکل گورنمنٹ کو مزید با اختیار بنانا ہے، اور مقررہ وقت پر لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں لوکل گورنمنٹ کا نظام تو ہے، باقی صوبوں میں تو ہے ہی نہیں، اور جہاں لوکل گورنمنٹ نہیں وہ لوگ ہم پر نکتہ چینی کریں تو سمجھ سے باہر ہے۔
کراچی : ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کا واقعہ :ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی ایسٹ عہدوں سے فارغ
وزیر اعلیٰ نے کہا 2018 میں جیسے ہی بانی پی ٹی آئی کی حکومت آئی پنجاب میں لوکل گورنمنٹ ختم کر دی گئی تھی، پی ٹی آئی اور ن لیگ نے بھی لوکل گورنمنٹ انتخابات نہیں کرائے، اسلام آباد میں بھی بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، ہمارا قانون لوکل گورنمنٹ کو زیادہ با اختیار بناتا ہے۔
انھوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ نچلی سطح تک لوگوں کو ریلیف ملے، ناصر شاہ اور ضیا لنجار کی سربراہی میں کمیٹی اپنا کام اگلے ہفتے شروع کر دے گی، اور آئندہ 3 ماہ میں یہ کمیٹی صوبائی کابینہ کے سامنے تجاویز پیش کرے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا ہماری کوشش ہوگی کہ 3 ماہ کے اندر اندر ایک ڈرافٹ تیار ہو جائے، اور اگلے بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہوں، اگلے بلدیاتی انتخابات مزید بااختیار لوکل ایکٹ کے تحت ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ باقی صوبوں سے بھی کہوں گا کہ وہ اپنا بھی لوکل گورنمنٹ سسٹم بااختیار کریں، وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بھی درخواست کروں گا کہ بلدیاتی نظام بااختیار بنائیں۔ انھوں نے کہا میری پریس کانفرنس کااصل مقصدیہی تھا، ہم نئے ترمیم شدہ ایکٹ کے تحت بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ 2001 کے نظام میں بہت ساری خرابیاں ہیں، اس نظام کی وجہ سے کراچی میں غیر قانونی عمارتیں بن رہی ہیں، جو بلدیاتی نظام 2001 میں تھا اس میں بہت خرابیاں تھیں، جس کی وجہ سے خرابیاں آج تک بھگت رہے ہیں۔
Source: پاکستان



