بحیرہ کیریبین کے عظیم تر اینٹیلیس جزیرہ نما میں ہسپانیولا جزیرے پر واقع ملک ڈومینیکن ریپبلک کے ائیرپورٹ پر ایک پرائیویٹ طیارے میں ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران آگ لگ گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں جہاز کے پائلٹ اور کو پائلٹ دونوں ہلاک ہوگئے جب کہ حادثے کے وقت جہاز میں کوئی اور مسافر یا عملہ موجود نہیں تھا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے بعد طیارہ آگ کی لپیٹ میں آگیا۔
ایک اور کلپ میں ہوائی اڈے پر دھوئیں کا ایک بہت بڑا شعلہ دکھایا گیا، جب کہ حادثے کے بعد آگ پر قابو پانے کی کوششوں کا آغاز بھی فوری طور پر کردیا گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی رجسٹرڈ گلف اسٹریم جی 200 جیٹ آسٹن، ٹیکساس جا رہا تھا، جب اس نے لا رومانا سے تقریباً 16 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں شدید مکینیکل مسائل کی وجہ سے ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔
پائلٹ نے جہاز کا رُخ ائیرپورٹ پر موڑا اور ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی لیکن یہ حادثہ اس وقت ہوا جب جہاز نیچے آیا اور آگ بھڑک اٹھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔


























Leave a Reply