ترکیہ کے شہر استنبول میں گولڈن ہارن کے کنارے بلاد پر مصطفیٰ کی ترک کافی نے دھوم مچادی۔
استبنول میں گولڈن ہارن کے کنارے قدیم تاریخی علاقہ بلاد سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے ، قدیم رومن، یونانی اور عثمانی دور کی تعمیرات اور رنگ برنگی عمارتیں اس علاقے کو مزید خوبصورت بنادیتی ہیں۔
اونچے نیچے راستے اور مضبوط عمارتیں اپنی تاریخ بیان کرتی نظر آتی ہیں، اس علاقے میں یہودی عبادت گاہ کے ساتھ آرتھوڈوکس کے قدیم ترین چرچ قائم ہیں جس میں لوہے سے بنا بلغارین سینٹ اسٹیفن چرچ بھی شامل ہے۔
اوپر کی جانب جاتے ہوئے کارنر پر کئی ریسٹورینٹس اور کافی شاپس نظر آتی ہیں لیکن ترگت کافی شاپ کا چھوٹا سا کاؤنٹر اور اس کا پستہ قد میزبان مصطفیٰ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے۔
عثمانی دور کے خانساماں جیسے مخصوص لباس میں ملبوس مصطفیٰ اپنی دھن میں کافی بناتا نظر آتا ہے، گرم ریت پر مشہور ترک کافی تیار کرتا مصطفیٰ سیاحوں سےٹوٹی پھوٹی انگریزی بول کراظہار خیال بھی کرتا ہے۔
نام پوچھا تو بتایا مصطفی الحمدللہ، کافی بنانے کے طریقے پر انوکھے انداز میں ہاتھوں کو لہرا کرمسکراتے ہوئے طریقہ کار بھی بیان کیا، ازراہ مذاق یہ بھی کہا کہ بتانے اورتصویر کے پیسے لوں گا اور مسکرادیا۔
مصطفیٰ کی حس مزاح سے بھی سیاح اور گاہک محظوظ ہوتے ہیں، قارئین کا اگر استنبول جانا ہوتو بلاد میں مصطفیٰ کی کافی اور باتوں کا مزہ ضرور لیں۔


























Leave a Reply