پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے واضح کیا ہے کہ اُن کےاور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، سوشل میڈیا پر آنے والی خبریں درست نہیں۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے سلہٹ میں بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کل صبح اٹھ کر سوشل میڈیا پر دیکھا تو شاہین اور میرے متعلق گفتگو ہورہی تھی کہ شاہین کوچ کی بات نہیں مان رہا۔
عمر گل نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ حسن علی گرا تھا اس کے سر پر چوٹ لگی تھی، شاہین باہر بیٹھا ہوا تھا اس کے ساتھ گفتگو کی تھی کہ حسن کے سر پر گیند لگی ہے، کن کشن کا وقت کم ہوتا ہے اس لیے آپ چلے جاؤ۔
قومی ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کا کہنا تھا کہ دیکھنے میں ایسے لگ رہا کہ شاہین کہہ رہا ہے کہ اس کا دماغ ٹھیک نہیں ایسا کچھ نہیں، میرے اور شاہین آفریدی کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، سوشل میڈیا پر آنے والی خبریں درست نہیں۔
اس کے علاوہ عمر گل نے کہا کہ ہمارے پاس 2 دن موجود ہیں امکان ہے کہ بارش بھی ہوجائے میچ میں ابھی کافی وقت ہے، اگر ہم 2 دن مسلسل بیٹنگ کریں تو ہمارے پاس موقع ہے کہ میچ جیت سکتے ہیں، اتنا کم وقت نہیں کہ میچ ڈرا ہوسکے، دونوں ٹیموں کے پاس میچ جیتنے کا موقع ہے۔
عمر گل نے کہا کہ437 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے 2 سے 3 اچھی پارٹنرشپ لگنی چاہئیں، ہم ذہنی طور پر ہدف حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں اور کوشش بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں ہر چیز ممکن ہوسکتی ہے، پہلے دن پچ بولرز کے لیے سازگار تھی، نمی تھی اور سوئنگ بھی تھا۔ دوسرے اور تیسرے روز بیٹرز کو کافی مدد ملی، پچ بیٹرز کے لیے بہترین تھی، بنگلا دیش کے بیٹرز نے بہت اچھا کھیلا ہے ہمارے بولرز بدقسمت رہے۔
عمر گل نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم زیادہ ٹیسٹ میچز نہیں کھیلتے جس کی وجہ سے بولرز کا ردھم نہیں بنتا، پہلے ٹیسٹ میں 40 سے زیادہ اوورز پیسرز نے کیے، انرجی ہمارے بولرز میں ہے بس مشکل تب آتی جب ہم ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلتے ہم چھ ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔


























Leave a Reply