راولپنڈی (30 جولائی 2026): سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلیجنس بیسڈ کامیاب آپریشن کیا، فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی کارروائی کے نتیجے میں بارودی مواد سے بھری 2 گاڑیاں تباہ اور 4 دہشتگرد مارے گئے۔
مسلح افواج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے دوران بڑے پیمانے پر تباھی پھیلانے کیلیے بارودی مواد سے تیار کی گئی دو گاڑیوں اور ان میں سوار دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو بروقت روکا۔
بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری اور مؤثر کارروائی کے بعد دونوں گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا اور اس میں سوار چاروں دہشتگردوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا، علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کے خاتمے کیلیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلیے انسداد دہشتگردی کی بھرپور مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آپریشنز، 32 دہشت گرد ہلاک
