ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا نے فیفا ورلڈکپ 2026 کے لیے ایران کے 15 رکنی وفد کو ویزہ دینے سے انکار کردیا ہے۔
برطانوی میڈیا نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا ہےکہ امریکا نے ایرانی فٹبال ٹیم کے پلیئرز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو ویزے جاری کردیے ہیں تاہم ورلڈکپ کیلئے ایرانی فٹبال ٹیم کی ایڈمنسٹریشن اور منیجمنٹ ارکان کے ویزوں میں مسائل درپیش ہیں اور انہیں تاحال امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جن افراد کو ویزے نہیں ملے وہ ٹیم کے لیے انتہائی اہم حیثیت رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران فٹبال فیڈریشن کے سربراہ مہدی تاج، ٹیم منیجر اور ٹیم کے میڈیا آفیسر سمیت سکیورٹی اور وزارت خارجہ کے اراکین کو ویزے جاری نہیں کیےگئے۔
ایرانی حکام نے فیفا سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرے۔
خیال رہےکہ گزشتہ رو ز امریکا نے تصدیق کی تھی کہ ایرانی کھلاڑیوں کو آئندہ ورلڈکپ میں شرکت کے لیے امریکا آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ایرانی کھلاڑیوں اور ضروری معاون عملےکو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے میکسیکو روانہ ہوگئی ہے۔
ایرانی فٹبال ٹیم ورلڈکپ میں اپنے گروپ کا پہلا میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ سے لاس اینجلس میں کھیلے گی، ایرانی ٹیم کا لاس اینجلس میں ہی بیلجیئم کی ٹیم سے بھی مقابلہ ہوگا۔


























Leave a Reply