نیویارک : سیلیک بیماری کے مریضوں کے علاج سے متعلق بڑی پیش رفت ہوئی ہے نئی دوا نے گلوٹن سے آنتوں کو پہنچنے والے نقصان سے بچاؤ میں کامیابی حاصل کرلی۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سیلیک بیماری میں مبتلا افراد کے لیے ایک نئی دوا ANB033 کے ابتدائی تجربے کے نتائج حوصلہ افزا سامنے آئے ہیں۔
اے این بی او 33 دوا نے نہ صرف گلوٹن کے استعمال سے پیدا ہونے والی علامات کو روکنے میں مدد دی بلکہ گلوٹن کے باعث آنتوں کو پہنچنے والے نقصان سے بھی نمایاں تحفظ فراہم کیا۔
یہ دوا فرسٹ ٹریکس بائیو تھیرا پیوٹکس کی جانب سے تیار کی جا رہی ہے، ابتدائی مرحلے کے ایک چھوٹے کلینیکل ٹرائل میں 32 مریضوں کو شامل کیا گیا، جن میں کم از کم ایک سال قبل سیلیک بیماری کی تشخیص ہوچکی تھی۔ تمام مریض گلوٹن سے پاک غذا استعمال کر رہے تھے، تاہم بایوپسی کے ذریعے ان کی آنتوں میں پہلے ہی درمیانے درجے کا نقصان موجود پایا گیا تھا۔
سیلیک بیماری کسے کہتے ہیں؟ (Celiac Disease)
سیلیک بیماری (Celiac Disease) ایک ایسی بیماری ہے جس میں جسم کا مدافعتی نظام گلوٹن (Gluten) کو برداشت نہیں کر پاتا۔
گلوٹن ایک پروٹین ہے جو بنیادی طور پر گندم، جو اور رائی میں پایا جاتا ہے، سیلیک بیماری والے شخص کے لیے گلوٹن کھانے سے مدافعتی ردِعمل شروع ہوجاتا ہے، جس کے نتیجے میں چھوٹی آنت کی اندرونی سطح کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق سیلیک بیماری میں گلوٹن کی معمولی مقدار بھی آنتوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ شدید اور تکلیف دہ علامات پیدا کرسکتی ہے، چاہے مریض عمومی طور پر گلوٹن سے پاک غذا کی پابندی ہی کیوں نہ کر رہا ہو۔
مریضوں کو جان بوجھ کر گلوٹن دیا گیا
تحقیق کے دوران مریضوں کو ابتدا میں، دوسرے ہفتے اور چوتھے ہفتے پر ANB033 یا پلیسبو کے تین انجیکشن دیے گئے۔ اس کے بعد تمام شرکا کو دو ہفتوں تک روزانہ 6 گرام گلوٹن استعمال کرنے کو کہا گیا جو تقریباً دو سلائسز روٹی کے برابر مقدار ہے۔
مطالعے کے اختتام پر دوبارہ بایوپسی کی گئی۔ کمپنی کے مطابق نتائج سے معلوم ہوا کہ ANB033 استعمال کرنے والے مریضوں کی آنتوں کو گلوٹن سے ہونے والے نقصان کے خلاف پلیسبو گروپ کے مقابلے میں اعداد و شمار کے اعتبار سے نمایاں تحفظ حاصل رہا۔
دوا نے مریضوں میں گلوٹن کے استعمال کے پورے مرحلے کے دوران علامات میں اضافے کو بھی روکے رکھا، جبکہ پلیسبو لینے والے مریضوں میں علامات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
FOLLOW ARY TUBE FOR MORE SUCH NEWS
معدے کی علامات میں نمایاں کمی
تحقیق کے مطابق ANB033 استعمال کرنے والے مریضوں میں صرف 6 فیصد کو معدے کی علامات کم کرنے کے لیے اجازت دی گئی اضافی ادویات کی ضرورت پڑی، جبکہ پلیسبو گروپ میں یہ شرح 47فیصد رہی۔
دوا کیسے کام کرتی ہے؟
محققین کے مطابق ANB033 مدافعتی نظام سے متعلق دو اہم پروٹینز آئی ایل-15 اور آئی ایل-2 کی سرگرمی کو روکتی ہے۔ یہ دونوں پروٹینز جسم میں ایسی سوزش پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جو سیلیک بیماری کے مریضوں کی آنتوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔
یہ دوا ابھی ابتدائی طبی آزمائش کے مرحلے میں ہے اور موجودہ نتائج محدود تعداد میں مریضوں پر کیے گئے مطالعے سے حاصل ہوئے ہیں، اس لیے اس کی افادیت اور طویل مدتی تحفظ کے بارے میں حتمی نتیجہ بڑے اور مزید مطالعات کے بعد ہی سامنے آسکے گا۔
