Preloader

اسلام آباد : عمان میں ملازمت کرنے والے پاکستانیوں کی آگاہی کیلیے ضروری ہے کہ وہ آزمائشی مدت (پروبیشن پیریڈ) سے متعلق اس کے مندرجہ اصول اور قواعد و ضوابط کو اچھی طرح سمجھ لیں۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پاکستان نے عمان میں کام کرنے والے پاکستانی ملازمین کے لیے اہم لیبر ایڈوائزری جاری کردی، جس میں ملازمت کی آزمائشی مدت، معاہدے اور ملازمت ختم کرنے سے متعلق کارکنوں کے حقوق اور قانونی تقاضوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق سلطنت عمان کے لیبر قانون کے تحت پروبیشن پیریڈ ایک باقاعدہ قانونی آزمائشی مدت ہے، جس کا مقصد آجر اور ملازم دونوں کو یہ جانچنے کا موقع دینا ہے کہ ملازمت کا تعلق مستقبل میں جاری رکھنا مناسب ہے یا نہیں۔

عمان کے لیبر قانون کے آرٹیکل 37 کے تحت پروبیشن کی شرط ملازمت کے معاہدے میں واضح طور پر درج کرنا ضروری ہے۔ یعنی ملازم کو ملازمت شروع کرتے وقت ہی معلوم ہونا چاہیے کہ اسے کتنی مدت کے لیے آزمائشی مرحلے میں رکھا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ ماہانہ تنخواہ لینے والے ملازمین کے لیے پروبیشن کی زیادہ سے زیادہ مدت 3 ماہ مقرر ہے، جبکہ ماہانہ بنیاد کے علاوہ دیگر اجرتی نظام کے تحت کام کرنے والے ملازمین کے لیے یہ مدت زیادہ سے زیادہ دو ماہ ہوسکتی ہے۔

قانون کے مطابق ایک ہی ملازمت کے دوران کسی کارکن کو دوبارہ پروبیشن پر نہیں رکھا جاسکتا، اس شق کا مقصد ملازمین کو بار بار آزمائشی مدت میں رکھنے اور اس کے ذریعے ان کے قانونی حقوق متاثر ہونے سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

بیورو کے مطابق اگر کوئی ملازم کامیابی سے پروبیشن کی مدت مکمل کرلیتا ہے تو اس مدت کو اس کی مجموعی سروس میں شامل کیا جاتا ہے، جس سے ملازمت کا سروس ریکارڈ اور متعلقہ حقوق برقرار رہتے ہیں۔

بیورو ایڈوائزری میں پروبیشن کے دوران ملازمت ختم کرنے کے حوالے سے بھی واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ اگر آجر یا ملازم اس نتیجے پر پہنچے کہ ملازمت کا سلسلہ جاری رکھنا مناسب نہیں تو دونوں میں سے کوئی بھی معاہدہ ختم کرسکتا ہے۔

FOLLOW ARY TUBE FOR MORE SUCH NEWS

تاہم ایسی صورت میں کم از کم سات دن پہلے تحریری نوٹس دینا ضروری ہے۔ اس قانونی تقاضے کا مقصد ملازمت ختم کرنے کے عمل کو شفاف بنانا اور فریقین کو اچانک فیصلے کے بجائے مناسب پیشگی اطلاع فراہم کرنا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے پاکستانی اوورسیز ملازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عمان میں ملازمت اختیار کرتے وقت اپنے معاہدے کی شرائط بالخصوص پروبیشن پیریڈ، مدت ملازمت اور ملازمت ختم کرنے سے متعلق شقوں کو اچھی طرح پڑھیں اور اپنے قانونی حقوق سے آگاہ رہیں۔

عمان میں غیر ملکی کارکنوں کیلئے بڑی خوشخبری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *