میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ناتھا خان لنک روڈ جلد کھولنے کے لیے عوام کو خوشخبری سنا دی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے زیرِ تعمیر ناتھا خان لنک روڈ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ سڑک جلد ہی عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ناتھا خان لنک روڈ کی تکمیل سے شاہراہِ فیصل اور گلستانِ جوہر آپس میں منسلک ہو جائیں گے، شہر بھر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کو ایسے مزید لنک روڈز کی ضرورت ہے اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) ان کی تعمیر پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ٹریفک کے مسائل میں کمی لانا شہر کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ان ترقیاتی منصوبوں کا مقصد روزمرہ کی آمدورفت کو آسان بنانا اور شہر کے بنیادی شہری مسائل کو حل کرنا ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کی ٹیم گرو مندر اور میرٹھ کباب ہاؤس کے آس پاس کے علاقے کو بہتر بنانے کے لیے بھی کام کر رہی ہے جب کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر، بحالی اور بنیادی شہری سہولیات میں بہتری کا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
