اسلام آباد: پاور ڈویژن نےکہا ہے کہ جون میں بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، بجلی صارفین کو 5سے 6روپے فی یونٹ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کےبوجھ سے بچالیا گیا۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ایل این جی بندش، مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود صارفین پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پاورڈویژن نے صارفین کو ممکنہ 38 ارب روپے کو اضافی بوجھ سے بچالیا ہے، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو 1.73روپے فی یونٹ کے اضافے پر روکا گیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق پالیسیوں کے تسلسل، بجلی کی طلب میں اضافے، اسپیشل پیکج کی بدولت صارفین کو ریلیف دیا گیا۔ مقامی گیس کی اضافی فراہمی اور درآمدی کول پلانٹس سے پیداوار سے لوڈ منیجمنٹ کو کم کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں بجلی صارفین کو 65 ارب روپے کی واپسی ممکن ہوئی، پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی بدولت صارفین کو 1.93 روپے فی یونٹ ریلیف دیا گیا۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کو مکمل طور پر ختم کردیا۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں بلکہ تقریباً 20 پیسے تک ریلیف ملنے کی توقع ہے۔


























Leave a Reply