بنگلادیش کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوران پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے 2 منفرد سنگ میل عبور کرلیے۔
سلہٹ میں جاری میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان نجم الحسن شنتو کو آؤٹ کرکے محمد عباس نے بیرون ملک ٹیسٹ میچز میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کر لیں۔
اس کامیابی کے ساتھ 36 سالہ محمد عباس یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بن گئے۔ اس فہرست میں عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس، عمرگل اور محمد عامر بھی شامل ہیں۔
بیرون ملک 100 سے زائد ٹیسٹ وکٹیں لینے والے ان پاکستانی بولرز میں محمد عباس کی بولنگ اوسط 23.02 کے ساتھ سب سے بہترین ہے۔
مجموعی طور پر محمد عباس نے 51 اننگز میں 109 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کی ہیں، اس طرح انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 9 وکٹیں پاکستان میں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ ہفتے کے روز انہوں نے اپنے پروفیشنل کرکٹ کریئر میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے 1000 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔
قومی فاسٹ بولر نے 884 فرسٹ کلاس، 84 لسٹ اے اور 32 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کی ہیں۔


























Leave a Reply