امریکا میں ایک ایسا اسرار سامنے آیا ہے جس نے متعدد افراد کو ذہنوں کو گھما کر رکھ دیا ہے۔
یعنی وہ کون فرد تھا جس نے نیویارک میں ایک سیاہ رنگ کی گاڑی کو چلاتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کی اور پھر جرمانہ نہیں بھرا۔
مگر اس سے بھی زیادہ پراسرار بات یہ ہے کہ یہ گاڑی 1980 کی دہائی کی مشہور ٹی وی سیریز نائٹ رائیڈر کی نقل ہے اور وہ برسوں سے ایک میوزیم میں کھڑی ہے۔
جی ہاں واقعی شکاگو کے قریب واقع وولو میوزیم کی انتظامیہ کو عجیب مشکل کا سامنا ہے، جہاں نائٹ رائیڈر کی نقل کھڑی ہے۔
مگر اسی گاڑی کے لائسنس پلیٹ والی گاڑی پر نیویارک میں قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
میوزیم میں کھڑی گاڑی برسوں سے اپنی جگہ سے ہلی نہیں مگر حال ہی میں اسے 50 ڈالرز جرمانے کا ٹریفک ٹکٹ موصول ہوا۔
جرمانے کی وجہ یہ تھی کہ اس نمبر کی گاڑی 22 اپریل کو ایک سڑک پر زیادہ تیزرفتاری سے دوڑ رہی تھی۔
اس ٹکٹ کے ساتھ ٹریفک کیمرا کی تصویر بھی ہے جس میں سیاہ رنگ کی گاڑی کو دکھایا گیا ہے اور بالکل ویسی ہی نظر آتی ہے جیسی میوزیم میں کھڑی ہے۔
اس لائسنس پلیٹ والی گاڑی نے 2024 کے آخر میں بھی ٹریفک قوانین کی 5 بار خلاف ورزیاں کی تھیں۔
یہ اب تک واضح نہیں کہ میوزیم میں کھڑی گاڑی کا لائسنس نمبر نیویارک شہر کی کسی گاڑی کو کیسے مل گیا۔
میوزیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک ٹی وی گاڑی کی نقل کے باعث ہمیں جن قانونی مشکلات کا سامنا ہے وہ کافی دلچسپ ہے، ہمیں کوئی اندازہ نہیں کہ شکاگو میں کھڑی گاڑی کیسے نیویارک میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے، ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعی حیران کن ہے اور ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ نائٹ رائیڈر چلانے والا فرد کون ہے، ہم بس یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کیا واقعی کسی فرد نے اس گاڑی کو مشغلے کے طور پر تیار کیا ہے اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ واقعی بہترین نقل ہے۔


























Leave a Reply