اسلام آباد (18 اگست 2026): وفاقی حکومت نے عمران خان کو علاج کیلیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اہم فیصلہ کر لیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان سے متعلق کیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق فیصلہ جاری کیا ہے، ان کا شفا انٹرنیشنل اسپتال سے علاج کروانے کے فیصلے، اسپتال منتقلی سے متعلق حکم نامے اور اس میں شامل نکات کا جائزہ لیا گیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر ازسرنو جائزے کیلیے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے کیونکہ جیلوں میں بہت سے قیدی ہیں جن کے صحت کے مسائل ہیں، سزا یافتہ قیدی کو سرکاری اسپتال میں علاج فراہم کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کو بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی سہولت دینے کا حکم
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے شفا انٹرنیشنل اسپتال میں میڈیکل چیک اپ سے متعلق متعکقہ اتھارٹیز کے ساتھ مشاورت کی گئی جن کا خیال ہے کہ یہ آرڈر اس قوانین کے اندر نہیں جو سزا یافتہ قیدی سے متعلق ہیں، اتھارٹیز کی تجویز ہے کہ نظر ثانی کے ذریعے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتھارٹیز کی تجویز ہے کہ سپریم کورٹ سے عدالتی حکم میں مناسب تبدیلی کی درخواست کی جائے تاکہ عمران خان کا سرکاری اسپتال میں معائنہ کروایا جائے۔
’اس طرح کے میڈیکل چیک ایپ نجی اسپتال میں ہوں تو دیگر ہزاروں قیدی بھی ہیں۔ عدالتی احکامات کے مطابق اگر عدالت مناسب سمجھے تو طبی ماہرین کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ قانون کے مطابق بورڈ فیصلہ کرتا ہے کہ قیدی کا اسپتال کے اندر یا باہر علاج کرنا ہے۔‘
