کراچی کے علاقے جمالی پل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ اہلکار زمان ڈیوٹی پر جانے کے لیے دوسرے پولیس اہلکار کا انتظار کررہا تھا اور جمالی پل کے قریب موجود تھا۔
پولیس حکام کے مطابق جب اہلکار آیا تو وہ قریب کھڑی ایمبولینس میں پانی پینے چلا گیا، ملزم نے اس دوران پولیس اہلکار سے بات کی اور پستول نکال کر فائرنگ کردی۔
تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ اہلکار جیسے ہی زمین پر گرا تو ملزم نے اس کا پستول بھی نکال لیا، فائرنگ کے بعد دونوں موٹرسائیکل سوار ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق بظاہر لگتا ہے کہ ملزمان پہلے سے تاک میں بیٹھے ہوئے تھے، ابتدائی تفتیش کے مطابق اہلکار کو 5 سے 6 گولیاں ماری گئیں جبکہ شہید اہلکار زمان کا تعلق سہراب گوٹھ ڈویژن سے ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
