واشنگٹن (1 اگست 2026): امریکی محکمہ خارجہ نے ویزا بانڈ پروگرام کو مستقل کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کے تحت 50 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے خواہش مند افراد کو 20 ہزار ڈالر تک کا بانڈ جمع کروانا ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ اصول کاروباری اور سیاحتی مقاصد کیلیے جاری کیے جانے والے B1 اور B2 ویزا پر لاگو ہوگا، ویزا جاری کرنے کی شرط کے طور پر درخواست گزار سے 20 ہزار ڈالر تک کا بانڈ طلب کیا جا سکتا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 2025 کے پائلٹ پروگرام سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار نے ثابت کیا ہے کہ یہ پروگرام ویزا قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروانے کیلیے ایک موثر ذریعہ ہے، پرانے پائلٹ پروگرام میں بانڈ کی کم از کم رقم 5 ہزار، 10 ہزار یا 15 ہزار ڈالر تک تھی جبکہ نئے قانون میں 5 ہزار ڈالر والا آپشن ختم کر کے زیادہ سے زیادہ رقم بڑھا کر 20 ہزار ڈالر کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کا رہائشی ویزا، درخواست دینے کا طریقہ
یہ نیا قانون 3 اگست کو فیڈرل رجسٹر میں باضابطہ اشاعت کے بعد نافذ ہو جائے گا، اس پروگرام کی زد میں آنے والے 50 ممالک میں سے 30 کا تعلق افریقہ سے ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود امریکا میں غیر قانونی طور پر رکنے والے افراد کی تعداد میں کمی لانا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے ساتھ ساتھ قانونی تارکین وطن کیلیے بھی قوانین کو سخت کر رہا ہے جس میں بعض ویزا کیلیے نئی فیسوں کا نفاذ اور سوشل میڈیا کی جانچ پڑتال کی سخت شرط بھی شامل ہے۔
